سی سی فوٹیج سے آٹو کی شناخت، دس خصوصی ٹیموں کی تشکیل، امیت کمار ٹولی کی کارستانی کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) افضل گنج فائرنگ معاملہ میں حیدرآباد پولیس نے پیشرفت اختیار کرلی ہے تاہم ڈاکوؤں کی موجودگی کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ افضل گنج فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں جس آٹو کا استعمال کیا گیا تھا ، پولیس نے اس آٹو کا پتہ چلالیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ان ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کیلئے 10 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو متحرک ہیں۔ اس معاملہ میں پولیس نے پتہ لگا لیا کہ اس واردات کو امیت کمار ٹولی نے انجام دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے ڈاکوؤں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ حیدرآباد پولیس کی خصوصی ٹیمیں چھتیس گڑھ اور بہار میں امیت کمار ٹولی کو شدت سے تلاش کررہی ہے جنہوں نے واردات کو انجام دینے کے بعد ریلوے اسٹیشن کا رخ کیا اور شہر سے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جس نمبر سے ٹکٹ بک کروایا گیا یہ نمبر اترپردیش کا بتایا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق امیت کمار ٹولی نے ایک ہفتہ قبل ہی وارداتوں کا سلسلہ شروع کیا۔ بیدر میں اے ٹی ایم عملہ پر حملہ سے قبل اس ٹولی نے چھتیس گڑھ میں ورادات انجام دی اور اے ٹی ایم عملہ کو دھمکا کر (70) لاکھ روپئے لوٹ لئے گئے۔ بیدر میں واردات انجام دینے کے بعد امیت کمار ٹولی نے حیدرآباد کا رخ کیا اور حیدرآباد پہنچنے کے بعد امیت کمار ٹولی نے پرانے شہر کے علاقہ مدینہ مارکٹ سے دو ٹرالی بیاگوں کی خریداری کی اور افضل گنج پہنچ کر رائے پور کیلئے روشن ٹراویلس سے ٹکٹ بک کروایا۔ ٹراویل منیجر جہانگیر کی جانب سے سامان کی تلاش پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے بعد دونوں ڈاکوؤں افضل گنج پولیس اسٹیشن کے قریب تک پہنچے اور وہاں سے ایک آٹو حاصل کیا اور برائے معظم جاہی مارکٹ عابڈس سے ہوتے ہوئے ٹینک بنڈ کے ذریعہ سکندرآباد اسٹیشن پہنچے اور وہاں سے فرار اختیار کرلی۔ پولیس کو شبہ ہیکہ امیت کمار ٹولی نے چھتیس گڑھ یا بہار فرار اختیار کرلی جہاں دونوں ریاستوں میں اس ٹولی کو شدت سے تلاش کیا جارہا ہے۔ع