کورٹلہ میں کانگریس کی دعوت افطار، جے نرسنگ راؤ کا خطاب
کورٹلہ /12 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسٹر جواڈی نرسنگ راؤ انچارج کانگریس آئی پارٹی حلقہ اسمبلی کورٹلہ کی جانب سے بروز منگل کورٹلہ ٹاون کے جواڈی بھون میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر کی گئی اپنی تقریر میں مسٹر جواڈی نرسنگ راؤ انچارج حلقہ اسمبلی کورٹلہ کانگریس آئی پارٹی نے اپنی تقریر میں کہا کہ رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جس میں مسلمان بہت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ روزے رکھتے ہے ں۔ اس موقع پر افطار پارٹی کا اہتمام ہندو مسلم اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست تلنگانہ خصوصاً حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے مسلمانوں کی صحت و تندرستی کے ساتھ زندگی گذارنے کی دعاء کی ۔ انہوں نے مسلمانوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر کانگریس آئی پارٹی کا ساتھ دینے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آئی پارٹی کے اقتدار میں آنے پر مسلم تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اقتدار کے حصول کیلئے چند فرقہ پرست پارٹیاں ذات پات کا تفرقہ پیدا کرتے ہوئے ریاست کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ انہوں نے عوام سے ان پارٹیوں سے چوکس رہنے کی خواہش کی ۔