افغانستان اور طالبان میں مذاکرات کیلئے چین کی کوشش

   

بیجنگ ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں قیام امن کے عمل میں چین اہم رول ادا کرنا چاہتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شانگ نے میڈیا کو بتایا کہ چین ’’افغانستان کے عہدیداروں اور طالبان کے درمیان منفرد اجلاس منعقد کرنے کی کوشش کررہا ہے جس میں جنگ سے متاثرہ ملک میں قیام امن پر تبادلہ خیال اور اس ضمن میں ثالثی کی کوشش کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان نے حال ہی میں امریکہ کے ساتھ بات چیت کی تھی جو ناکام رہی۔ طالبان نے افغانستان حکومت سے راست بات چیت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جینگ شانگ نے مزید بتایا کہ چین طالبان اور افغان عہدیداروں کے درمیان تعمیری مذاکرات میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی خواہش کے مطابق مذاکرات کیلئے مقام فراہم کیا جائے گا اور قیام امن و ثالثی کے عمل میں مدد فراہم کی جائے گی۔ چین کی جانب سے اس منفرد اجلاس کے انعقاد کے متعلقہ فریقین سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے۔ افغان حکومت سے راست مذاکرات سے متعلق طالبان کے انکار و ذہنی تحفظات پر انہوں نے کہا کہ چین فریقین سے رابطہ میں ہے اور عنقریب تفصیلات سے واقف کروایا جائے گا۔جنگ سے متاثرہ افغانستان میں قیام امن کیلئے مختلف گوشوں سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں امریکہ نے بھی خطہ میں امن کیلئے طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ کیا اور قطر میں اس کا اہتمام کیا گیا لیکن امریکہ کے ساتھ طالبان کی بات چیت ناکام رہی ۔ اب چین افغانستان حکومت اور طالبان کے درمیان نئے سرے سے مذاکرات کیلئے کوشاں ہے تاکہ افغانستان میں قیام امن کو یقینی بنایا جاسکے۔