نیویارک : اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ اگلے تین ماہ کے دوران دنیا کے 23 ملکوں میں فاقہ کشی کے شدید بحران کا خطرہ ہے۔ ایتھوپیا ، جنوبی مڈغاسکر، یمن، جنوبی سوڈان اور شمالی نائیجیریا میں حالات انتہائی تباہ کن صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگری کلچرآرگنائزیشن (ایف اے او) اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے اگست اور نومبر کے درمیان فاقہ کشی کے بحران سے دوچار ہونے والے ممکنہ ملکوں کے حوالے سے جمعہ کے روز جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ خوراک کی عدم دستیابی کی صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے ملکوں میں ایتھوپیا سرفہرست ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر فوری امداد فراہم نہیں کی گئی تو ایتھوپیا میں فاقہ کشی کا شکار اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد چار لاکھ ایک ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ جو کہ صومالیہ میں 2011 کے قحط سے مرنے والوں کی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔