افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا سے انڈین آرمی خوفزدہ

   

کابل؍ نئی دہلی: ہندوستان کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ ہندوستان کو امریکہ اور ناٹو افواج کے افغانستان سے مجوزہ انخلا کے بعد پیدا ہونے والے خلا کے حوالے سے تحفظات ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جنرل بپن راوت نے ایک سیکورٹی کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشان کن بات یہ ہے کہ افغانستان سے امریکہ اور غیر ملکی افواج کے بعد پیدا ہونے والے خلا کی جگہ شرپسند عناصر لے سکتے ہیں البتہ انہوں نے ایسے کسی ملک کا نام لینے سے گریز کیا جو ان کے خیال میں صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ماحول کو بگاڑ سکتے ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے چہارشنبہ کو طویل ترین امریکی جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم مئی سے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے انخلا کا عمل شروع ہو جائے گا۔بپن راوت نے کہا کہ ہمیں خدشہ یہ ہے کہ امریکہ اور ناٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں جو خلا پیدا ہو گا تو شرپسند عناصر اس کا فائدہ اٹھائیں گے۔