افغانستان سے فوجیوں کے ہٹنے کے باوجود خفیہ نظام قائم رہے گا:ٹرمپ

,

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغانستان سے فوجیوں کو ہٹانے کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن وہاں کی صورت حال پر نظر رکھنے کیلئے ایک خفیہ نظام کام کرتا رہے گا۔ ٹرمپ نے پیر کو میڈیا میں دیئے ایک انٹرویو میں افغانستان کو ‘دہشت گردوں کے لئے لیبارٹری’ قرار دیتے ہوئے کہا ’’ہمارا ایک مضبوط انٹلیجنس نظام وہاں کام کرتا رہے گا. ہمیں صورتحال پر نگرانی رکھنی ہے ۔ ہم وہاں انٹلیجنس کے نظام کا ایک ایسا مضبوط نیٹ ورک چھوڑیں گے جس کے بارے میں عام طور سے لوگ سوچ بھی نہیں سکتے ۔ ہم نے افغانستان سے کافی حد تک اپنے فوجیوں کو وطن بلا لیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 16 ہزار امریکی فوجی تعینات تھے جن کی تعداد گھٹ کر صرف نو ہزار رہ گئی ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ جلد ہی افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرکے آٹھ ہزار کر دی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ امریکی قیادت میں بین الاقوامی فوج نے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے 9/11 حملے کے بعد سال 2001 میں افغانستان میں فوجی مہم شروع کی تھی۔ القاعدہ کو طالبان کی حمایت حاصل تھی۔ حال ہی میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا ساتواں مرحلہ شروع ہواہے ۔ امریکہ، طالبان سے یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ اس کے فوجیوں کے واپس لوٹنے کے بعد وہ ملک کو دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دے گا۔