انقرہ : ترکی قومی اسمبلی کیاسپیکر مصطفیٰ شین توپ نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہجرت کا مسئلہ سب سے زیادہ ترکی اور ایران کو متاثر کر رہا ہے۔ مصطفیٰ شین توپ، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر ہیں۔ تہران میں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف کے ساتھ ملاقات کی۔مذاکرات میں افغانستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیاسی عدم استحکام اور مہاجرین کا مسئلہ تمام مسلمان ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ سب سے زیادہ ترکی اور ایران کو متاثر کر رہا ہے۔ افغانستان میں قیام استحکام اور ہجرت کا سدباب کرنے کے لئے ہمیں باہمی تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔