افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام

   

25 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید ‘سرحد پرفورسیس کی چوکسی

اسلام آباد۔26؍اکتوبر ( ایجنسیز ) سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں ایک بار پھر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے، اس دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 4 خودکش بمبار سمیت 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے پاک۔افغان سرحد کے قریب دو بڑے گروہوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ سیکیورٹی فورسز نے دونوں گروہوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ان کو روکا بلکہ دہشت گردوں کو ہلاک بھی کردیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں 4 خود کش حملہ آور بھی شامل تھے۔اسی طرح کرم ضلع کے گھکی علاقے میں دراندازی کرنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 35 سالہ حوالدار منظور حسین، 23 سالہ سپاہی نعمان الیاس کیانی، 24 سالہ سپاہی محمد عادل، 25 سالہ سپاہی شاہ جہان، 25 سالہ سپاہی علی اصغر شامل تھے۔ترجمان پاک فوج کا بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔یاد رہے کہ دراندازی کی یہ کوششیں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکی کے شہر استنبول میں مذاکرات کے دوسرے دور میں مصروف ہیں جو عبوری افغان حکومت کے دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے بارے میں ارادوں پر سوال اٹھاتی ہیں۔پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدی انتظامات کو مؤثر بنائے اور دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین کو خوارج کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔