واشنگٹن ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنگ زدہ ملک افغانستان میں گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سہ ماہی میں شہریوں کی ہلاکتوں میں 3 گنا سے زائد اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔آفس آف دی اسپیشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن (سگار) کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ افغان طالبان کے حملوں کے نتیجے میں زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں لیکن ان ہلاکتوں کی ذمہ دار امریکی حمایت یافتہ افغان فورسز بھی ہیں۔سگار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کا امدادی مشن یکم جنوری سے 30 ستمبر تک ہونے والی تمام شہری ہلاکتوں میں اضافے کا الزام حکومت مخالف عناصر پر ڈالتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان سمیت حکومت مخالف فورسز اس عرصے کے دوران 5 ہزار ایک سو 17 شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دار ہیں جو مجموعی تعداد کا 62 فیصد ہے۔