افغانستان میں اختیارات کی پرامن منتقلی کیلئے امریکہ کے سفارتی اقدامات

   

واشنگٹن: قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدکا اگلے ہفتے دورہ امریکہ متوقع ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اختیارات کی پرامن منتقلی کو یقینی بنانے کے امریکہ کے سفارتی اقدامات میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے اور ان اقدامات کے ایک حصے کے طور پر قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی آئندہ ہفتے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت متوقع ہے۔ ان اقدامات میں امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے نئی دہلی اور کابل کے دورے بھی شامل ہیں، جس کا مقصد افغان بحران کے بارے میں علاقائی رد عمل تیار کرنا ہے۔واشنگٹن میںبریفنگ کے دوران امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو افغانستان کے پڑوسیوں کی جانب سے افغان تنازعہ کا ایک منصفانہ اور پائیدار حل لانے میں تعمیری، ذمے دارانہ کردار ادا کرنے کی امید ہے۔