افغانستان میں امریکی افواج کے ساتھ کام کرنے والے تلنگانہ کے ورکرس بے روزگار،نظام آباد کے 30 افراد وطن واپس، دوسرے کئی واپسی کیلئے امداد کے منتظر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد ناٹو کی افواج کے ساتھ کام کرنے والے تلنگانہ کے کئی ورکرس کا مستقبل غیر یقینی ہوچکا ہے۔ امریکہ اور اس کے حلیف ممالک نے افغانستان سے اپنی افواج کو واپس طلب کرلیا جس کے بعد افواج کے ساتھ کام کرنے والے تلنگانہ کے کئی افراد بے یارومددگار ہوچکے ہیں کیونکہ ان کی وطن واپسی کا بھی کوئی موثر انتظام نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے افغانستان سے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا کیونکہ ناٹو افواج نے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔ جون میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والے 30 افراد وطن واپس ہوئے جو امریکی اور ناٹو افواج کے کیمپس میں کام کررہے تھے انہیں وطن واپس بھیج دیا گیا۔ وطن واپسی کے بعد وہ روزگار کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ R
افغانستان میں پھنسے ہوئے دیگر افراد حکومت کی جانب سے واپسی کے انتظامات کے منتظر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایر پورٹ پر فلائیٹس کی آمد پر پابندی کے نتیجہ میں کوئی بھی کمرشیل ایر لائنس مسافرین کو لے جانے تیار نہیں ہے۔ امریکہ اور بعض دیگر ممالک نے فوجی طیاروں کے ذریعہ اپنے باشندوں کو وطن واپس طلب کرلیا تاہم ہندوستان کی جانب سے اس طرح کی کوئی مساعی نہیں کی گئی ہے۔ وطن واپس ہونے والے افراد تلنگانہ حکومت کی جانب سے امداد کے منتظر ہیں تاکہ ان کی بازآبادکاری پر توجہ دی جائے۔R