پینٹاگان(امریکہ)۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) کا کہنا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کے پیشِ نظر نومبر تک افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد گھٹا کر 5ہزار سے بھی کم کر دی جائے گی۔پینٹاگون کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اگلے چار ماہ کے دوران افغانستان سے فوج کے مرحلہ وار انخلا کا عمل جاری رکھے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی کی طرح فوج کا انخلا افغانستان کے حالات سے مشروط ہو گا جب کہ اس میں کانگریس سے مشاورت کے علاوہ نیٹو اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔پینٹاگون کے بیان میں بین الافغان مذاکرات کو افغانستان میں سیاسی تصفیے کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ رواں سال طالبان کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے پر پوری طرح کاربند ہے اور بین الافغان مذاکرات میں معاونت اور ان کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔