افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ میں عام شہریوں کی ہلاکت کا انکشاف

   

کابل ۔ افغانستان میں امریکی ڈرون حملہ میں دہشت گردوں کے بجائے عام شہریوں کی ہلاکت کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکہ کے ایک اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ 29 اگست کو امریکہ نے افغانستان سے فوجی انخلا کے دوران داعش کے ٹھکانوں پر ڈرون حملہ میں دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ڈرون حملہ میں دہشت گردوں کے بجائے 10 عام شہری ہلاک ہوئے جس میں ایک سماجی کارکن زیماری احمد بھی شامل ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرون حملہ میں کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 27 اگست کو کابل ایئرپورٹ کے قریب ہوئے دو دہشت گرد حملوں میں 170 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 13 امریکی فوجی بھی تھے۔ امریکہ نے درعمل میں ڈرون حملے کر کے داعش کے دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔