نیویارک : اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ طالبان کے دارالحکومت کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے دوران افغان لوگوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہے اور اس وقت ملک میں ایک کروڑ اسی لاکھ لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے۔منگل کے روز امداد فراہم کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے بتایا کہ خاص طور پر اس بحران کے دوران نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو فوری امداد پہنچانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے طالبان سے کہا کہ وہ افغانستان کے غیر محفوظ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنا کر اپنے حالیہ وعدوں کو پورا کریں۔اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں ہرتین میں سے ایک بچے کو ضرورت سے کم خوراک میسر آتی ہے۔کابل سے ایک زوم میٹنگ کے دوران افغانستان میں یونیسف کے ایمرجنسی اور فیلڈ اپریشنز کے رہنما مصطفیٰ بن مسعود نے کہا کہ جن لوگوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے ان میں بھوک کے شکار بچے اور لڑائی میں زخمی ہونے والے افراد شامل ہیں۔