افغانستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں کے انخلا کا فیصلہ

   

کابل : افغانستان میں سلامتی کی کشیدہ صورت حال کے باعث امریکی وزارت خارجہ نے کابل کے امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق ان تمام امریکی سفارت کاروں پر ہو گا، جو اپنے فرائض دیگر مقامات سے بھی انجام دے سکتے ہوں۔ امریکہ اس وقت افغانستان سے اپنے مکمل فوجی انخلا کی تیاریوں میں ہے۔ صدر بائیڈن کہہ چکے ہیں کہ افغانستان سے تمام امریکی فوجی 11 ستمبر کو 9/11 حملوں کے بیس سال مکمل ہونے سے پہلے پہلے واپس بلا لیے جائیں گے۔ جرمنی نے بھی وہاں اپنے فوجیوں کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ افغان طالبان دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر یکم مئی تک تمام غیر ملکی دستے واپس نا گئے، تو وہ ان پر دوبارہ حملے شروع کر دیں گے۔امریکی وزارت خارجہ نے تمام امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد کمرشل پروازوں کے ذریعے سے افغانستان چھوڑ دیں۔