کابل۔6جون(سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائر سے دنیا بھر میں صحافی بھی متاثر ہورہے ہیں جو کورونا وائرس کی وبا کی رپورٹنگ کرنے میں مصروف ہیں ۔صحافیوں کے لیے کام کرنے و الے ایک عالمی ادارے نے بتایا ہے کہ افغانستان میں کم از کم 70 صحافی عالمی وبا کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز، جسے ‘آر ایس ایف’ بھی کہا جاتا ہے، نے اس خبر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ افغان حکام نے بتایا ہے کہ جنگ زدہ ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1900 کے لگ بھگ ہے جب کہ 300 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔آر ایس ایف نے جو معلومات اکھٹی کیں ہیں، ان کے مطابق مارچ کے آخر سے اب تک کم ازکم 70 افغان صحافی کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی دوسرے ملک اور معاشرے کے صحافیوں کی نسبت افغان صحافیوں پر اس وبا کا حملہ زیادہ شدت سے ہوا ہے۔فرانس میں قائم صحافیوں کی تنظیم نے کہا ہے کہ تقریباً 50 صحافیوں کا تعلق کابل کے علاقے سے ہے، جنہیں مناسب علاج معالجہ نہیں مل رہا، کیونکہ یا تو ان کے پاس علاج کے لیے رقم نہیں ہے یا پھر انہیں ادویات دستیاب نہیں ہیں۔کابل کے صحافیوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں میڈیا گروپس کی جانب سے، جن کے لیے وہ کام کرتے ہیں، ضروری حفاظتی سامان مہیا نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی حکومت ان کی مدد کر رہی ہے۔آر ایس ایف نے ایک افغان صحافی کے حوالے سے بتایا، جس نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کی درخواست کی تھی، زیادہ تر میڈیا گروپس کے پاس مناسب وسائل نہیں ہیں اور وہ انہیں تنخواہ تک نہیں دے سکتے۔