افغانستان میں سیلابوں سے ہزارہا بچے متاثر

   

Ferty9 Clinic

کابل ؍ نیویارک : یونیسیف نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیلابوں کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والے ہزارہا بچے فوری امداد کے منتظر ہیں۔ اس عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ہنگامی ایکشن نہ لیا گیا تو صورت حال تشویش ناک ہو سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں حالیہ سیلابوں سے متاثرہ ہزاروں بچوں کو فوری مدد کی ضرروت ہے۔ اس عالمی ادارے نے کہا ہے کہ ہزاروں بچوں کو ابھی تک کوئی ریلیف نہیں ملا۔ اس ادارے نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ افغان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فوری ایکشن لیا جائے۔ افغانستان میں اس مرتبہ غیر معمولی طور پر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ملک کے متعدد علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ املاک اور مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی فوڈ ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی اس تباہی کے بعد زیادہ تر افغان باشندے معاشی طور پر کچھ کمانے کے قابل ہی نہیں رہیں گے جبکہ اس وسطی ایشیائی ملک میں خوراک کا بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے۔