26 زخمی‘شدید موسم کے باعث 147 گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ
کابل ۔29 ؍مارچ (ایجنسیز ) افغانستان کے مختلف حصوں میں شدید سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے ہیں۔ میڈیا نے افغان حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے یہ اس موسم میں ملک میں شدید موسمی حالات سے ہونے والی تازہ ہلاکتیں ہیں۔حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ملک کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے عملے کے ارکان متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اتھارٹی کے ترجمان یوسف حماد نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے 34 میں سے 13 صوبے متاثر ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر مغربی، وسطی اور شمال مغربی علاقے شامل ہیں۔حماد نے بتایا کہ شدید موسم کے باعث 147 گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ 80 کلومیٹر سڑکیں بہہ گئیں جبکہ زرعی زمین اور آبپاشی کے نہری نظام کو بھی نقصان پہنچا۔اس سے قبل رواں سال، شدید برفباری اور اچانک آنے والے سیلابوں کے باعث ملک بھر میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ افغانستان شدید موسمی واقعات کے حوالے سے انتہائی حساس ملک ہے، جہاں برفباری اور موسلا دھار بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اکثر درجنوں بلکہ بعض اوقات سینکڑوں افراد کی جان لے لیتے ہیں۔ 2024 میں بہار کے موسم میں آنے والے سیلابوں میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
طویل عرصے سے جاری تنازعات، کمزور انفراسٹرکچر، مشکلات کا شکار معیشت، جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات نے ایسے قدرتی آفات کے اثرات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔