ہیرات : مغربی افغانستان میں ہفتہ کو 6.3 شدت کے زلزلے نے کم از کم 120 جانیں لے لی ہیں اور زائد از 1000 افراد زخمی ہیں جن کا علاج کیا جارہا ہے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے نے کہا کہ زلزلہ کا مبدا افغان خطہ کے سب سے بڑے شہر ہیرات کے 40 کیلو میٹر شمال مغرب میں رہا اور بڑے زلزلہ کے بعد 4.3 اور 6.3 کی درمیانی شدت کے 8 مابعد جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ہیرات صوبہ کے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے سربراہ موسیٰ اشعری نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ آخری اطلاعات تک زائد از 1000 خواتین، بچے اور ضعیف شہری زخمیوں میں پائے گئے جبکہ 120 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ زلزلہ کے جھٹکے کے ساتھ ہی شہری عمارتوں کو چھوڑ کر باہر آگئے۔ زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت 11 بجے دن شروع ہوئے۔ ایک ادھیڑ عمر کے شخص نے بتایا کہ وہ لوگ اپنے دفتر میں کام کررہے تھے کہ یکایک عمارت لرزنے لگی۔ دیوار کے پلاسٹرس جھڑنے لگے اور دیواروں میں شگاف پڑ گئے۔ بعض دیواریں اور عمارت کے حصے ٹوٹ کر گر گئے۔ وہ اپنی فیملی سے ربط کے موقف میں نہیں تھا اور تمام لوگ تیزی سے عمارت کے باہر آگئے۔ ہیرات صوبہ کی آبادی تقریباً 1.9 ملین ہے اور یہ ایران کی سرحد سے 120 کیلو میٹر مشرق میں واقع ہے، اسے افغانستان کا ثقافتی دارالحکومت کہا جاتا ہے۔