کابل 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان نے مغربی افغانستان میں ایک پولیس قافلہ پر گھات لگاکر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں سات سکیوریٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عبدالحئی خاتحی ترجمان برائے گورنر نے کہا کہ یہ حملہ کل دو پہر میں ہوا تھا جس کے بعد کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ بھی عمل میںآیا ۔ صوبائی پولیس کے آپریشن سربراہ فقیر احمد نوری بھی مہلوکین میں شامل ہیں ۔ مزید دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری بھی اس حملے میں زحمی ہوگیا اور کہا گیا ہے کہ لڑائی میں چار حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ طالبان کا ملک کے تقریبا نصف حصے پر قبضہ ہے اور وہ اکثر و بیشتر افغان سکیوریٹی فورسیس پر حملے کرتے رہتے ہیں حالانکہ افغانستان اور طالبان کے علاوہ امریکہ کے ساتھ بھی بات چیت ہو رہی ہے تاکہ ملک میں 17 سال سے جاری جنگ کو روکا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ تخریب کاروں نے مشرقی ننگر ہار صوبہ میں ضلع ہیڈ کوارٹرس پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجہ میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے یہ بات بتائی ۔