افغانستان میں طالبان کے تازہ حملے

   

۔29افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک
کابل،30جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں طالبان نے تازہ حملوں میں کم از کم 29 افغان سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک کردئیے جو افغان حکومت کی جانب سے ان پر فضائی و زمینی حملہ کئے جانے کے بعد سامنے آئے ۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حملوں میں اضافہ دوحہ میں جاری امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں تعطل کا اشارہ دیتا ہے۔ وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ حکومتی فورسز نے ہفتہ کے اختتام پر ہونے والے حملوں میں طالبان کے 51 جنگجو ہلاک کئے ۔تاہم طالبان نے جوابی حملے کئے ، شمالی صوبے قندوز میں منگل کے روز سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر حملے کیے جس میں ایک سیکیورٹی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ 15 افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔طالبان نے پیر کی رات کو صوبہ بغلان کے دارالحکومت پل خمری پر بھی حملے کئے جس کے نتیجے میں 14 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ۔صوبائی کونسل کے سربراہ نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی۔صوبائی پولیس ترجمان احمد جاوید بشارت کا کہنا تھا کہ کثیر الجہتی حملے بغلان کے ضلع خواجہ علوان میں منگل کی صبح پیش آئے ۔