کابل’ 15 فروری (زنہوا) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں ایک بچہ سمیت آٹھ مقامی لوگوں کی موت ہوگئی۔صوبائی افسران نے آج بتایا کہ سرخ رود ضلع میں جمعے کی شام گاوں والوں کو لے جارہی دو گاڑیوں پر طیاروں نے میزائیل داغے ۔ یہ تمام لوگ ایک مقامی بازار سے واپس لوٹ رہے تھے ۔صوبائی حکومت کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ ناٹو کی قیادت والی اتحادی فوج نے سرخ رود میں دو گاڑیوں کو نشانہ بناکر حملے کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام جائے واقعہ پرپہنچ چکے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں مارے گئے تمام افراد مقامی ہیں۔ حملے کی تفصیلی معلومات حاصل کرنے میں ابھی وقت درکار ہے ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔افغانستان میں آزاد حقوق انسانی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق 2019میں مختلف حملوں کے دوران2817 افراد ہلاک و7955 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔