افغانستان میں فضائی حملے میں 30جنگجو ہلاک

   

Ferty9 Clinic

تالوکان،11ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)افغانستان کے شمالی صوبے تاخر میں ایک فضائی حملے میں 30جنگجو مارے گئے ۔افغان فوج کی کور 217پامر کے عبد الخلیل خلیلی نے بتایا کہ خواجہ بہاؤالدین ضلع کے بیرونی علاقے میں جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ فضائی حملہ کیاگیا۔حملے میں تقریباً30جنگجو مارے گئے اور اتنی ہی تعداد میں زخمی بھی ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ چھوٹے ہتھیاروں اور راکٹ پروپیلڈ گرینیڈ سے لیس کچھ جنگجو ضلع کے مرکز میں بڑا دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔اس اطلاع کی بنیاد پر جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی گئی۔مسٹر خلیل نے بتایا کہ کارروائی میں فوج کی تین گاڑیوں کو بھی تباہ کردیاگیا جن کا جنگجوؤں نے سرقہ کرلیاتھا۔حالانکہ انہوں نے یہ اطلاع نہیں دی کہ یہ فضائی حملہ افغان فضائیہ نے کیا ہے یا ناٹو کی قیادت والی اتحادی فوج نے ۔