افغانستان میں مزید 2 تحصیلوںپر طالبان کا قبضہ

   


کابل: افغانستان سے امریکی فوج اور نیٹو افواج کے انخلاء کے عمل کے دوران دبدبہ کی لڑائی میں افغانستان کے صوبوں بلخ اور سامان گان میں 2 تحصیلوں پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے ۔بلخ ضلعی شوریٰ کے سربراہ محمد افضل حدید نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے بلخ کی تحصیل چہاربلاک پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں تحصیلی مرکز صبح کے وقت طالبان کے کنٹرول میں چلا گیا ہے ۔حدید نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز تحصیلی مرکز سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔سامان گان ضلعی شوریٰ کے نائب سربراہ ہاشم سروری نے بھی کہا ہے کہ عسکریت پسندوں نے درہ صوف بالا تحصیل پر مسلح حملہ کر کے تحصیلی مرکز کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔
طالبان کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ چہار بلاک اور درہ صوف بالا کی تمام سرکاری عمارتوں کو طالبان نے کنٹرول میں لے لیا ہے اور تحصیلی مرکز میں موجود سکیورٹی فورسز نے طالبان کو گرفتاری پیش کر دی ہے ۔