افغانستان میں مشترکہ اور جامع حکومت بنائی جائے : سلامتی کونسل

   

نیو یارک ؍ بیجنگ؍ برلن : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین نے طالبان پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں مشترکہ اور جامع حکومت بنائی جائے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیوگوٹیرس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں، سلامتی کونسل افغانستان میں آسان اور بلا تفریق انسانی امداد کی ترسیل اورخواتین کے حقوق کا احترام چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ افغانستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بننے دینے پر سب کا اتفاق ہوا ہے۔ادھر چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان سے متعلق ہونے والے G-20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے افغانستان پر سے اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے کہا ہے کہ افغانستان کے زرمبادلہ کے ذخائر افغان عوام کا قومی اثاثہ ہیں جس پر نہ صرف ان کا اپنا حق ہونا چاہیے بلکہ استعمال بھی انہیں خود ہی کرنا چاہیے لہٰذا عالمی برادری زرمبادلہ کو افغانستان پر سیاسی دباؤ ڈالنے کے لیے سودے بازی کے طور پر استعمال نہ کرے۔