کابل، 4 ستمبر (یو این آئی) مشرقی افغانستان میں 30 اگست کو آنے والے 6.0 کی شدت کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 200 سے زائد ہو گئی ہے ، طالبان حکومت کے مطابق رضاکار اور امدادی کارکن تاحال ملبے تلے دبی نعشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے مجموعی طور پر 2ہزار 217افراد جاں بحق جبکہ تقریبا 4ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثریت کا تعلق سرحدی صوبہ کنڑ کے پہاڑی علاقوں سے ہے ۔ طالبان حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ امدادی کام تاحال جاری ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ تباہ ہونے والے گھروں اور ملبے سے نعشوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ حمد اللہ فطرت نے اب تک زلزنے میں 2 ہزار 205 افراد کے جاں بحق اور 3 ہزار 640 افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن اس وقت بھی جاری ہے ، جبکہ متاثرہ خاندانوں کیلئے لگائے گئے عارضی کیمپوں میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم امید چھوڑ نہیں سکتے ، ممکن ہے اب بھی کچھ لوگ ملبے کے نیچے زندہ ہوں۔ کنڑ صوبے کے سب سے زیادہ متاثرہ پہاڑی علاقوں تک محدود رسائی کی وجہ سے امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں، جبکہ آفٹر شاکس سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث خطرناک پہاڑی راستوں میں امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ اگرچہ 3 ستمبر تک زیادہ تر ناقابلِ رسائی علاقوں تک مقامی حکام کو رسائی حاصل ہو گئی ہے ، ساتھ ہی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امیدیں بھی تیزی سے ختم ہو رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے 3 ستمبر کی رات ایک بیان میں کہا کہ یہ خیال کیا جارہا ہے کہ کئی زندہ بچ جانے والے افراد، اب بھی دور دراز دیہاتوں کے منہدم شدہ مکانوں کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں زندہ تلاش کرنے کی امیدیں تیزی سے دم توڑ رہی ہیں۔ ناقص انفراسٹرکچر اور 4دہائیوں کی جنگ سے تباہ حالی کے باعث افغان حکام کو ہنگامی امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ، ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ مقامی طبی سہولتیں ’شدید دباؤ‘ میں ہیں۔
پاکستان میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا
نقصان ،اقوام متحدہ کا اظہارافسوس
اسلام آباد، 4 ستمبر(یو این آئی) اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یو این سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کے ترجمان نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے اموات پر وہ شدید غمزدہ ہیں۔
ترجمان سیکریٹری جنرل نے کہا سیلاب میں 400 جانیں گئیں، اور 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے ، اور لاکھوں افراد کواس وقت امداد کی ضرورت ہے ، ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی پر پاکستانی حکام کو سراہا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے تکلیف کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، گوتریس نے پیغام میں کہا میں غمزدہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ریلیف اور ان کی بحالی کی کوششوں میں مدد کیلئے 6 لاکھ ڈالر جاری کیے ہیں۔