14 دن قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ۔ مزید افراد کی واپسی کا امکان
کراچی 26 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کے نتیجہ میں افغانستان میں پھنسے ہوئے زائد از 400 پاکستانی شہری آج تورخم سرحد سے پاکستان واپس آگئے ۔ ان تمام کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جملہ 462 افراد افغانستان سے واپس آئے ہیں جن میں 379 مرد ‘ 47 خواتین اور 60 بچے شامل ہیں۔ اخبار ڈان نے اطلاع دی ہے کہ اب تک افغانستان سے واپس ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 1,632 ہوگئی ہے ۔ سینکڑوں پاکستانی اور افغان شہری ایک دوسرے کے ملک میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی وباء کے نتیجہ میں لاک ڈاون ہوگیا ہے اور سرحدات پر آمد و رفت کو بند کردیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ ایام میں اس سرحد سے مزید پاکستانیوں کو افغانستان سے واپس لایا جاسکتا ہے اور وہ ملک واپس آنے بے چین ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ان افراد کو افغانستان سے واپسی کے بعد قرنطینہ میں بھیج دیا گیا اور وہاں ان کی مکمل نگرانی کرتے ہوئے جانچ کی جائے گی ۔ کہا گیا ہے کہ قرنطینہ میں 48 گھنٹے گذرنے کے بعد ان افراد کے نمونے حاصل کرتے ہوئے انہیں جانچ کیلئے روانہ کیا جائیگا ۔پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ 12 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے ۔
