افغانستان میں گزشتہ 24گھنٹوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک

   

افغان فضائیہ کا طالبان کے ٹھکانوں پر حملہ، ہتھیار وگولہ بارود ضبط
کابل2مئی (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے جنوبی صوبہ جبول اور ہلمند میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران درجنوں دہشت گرد مارے گئے ۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دی۔صوبائی پولیس سربراہ کے مطابق طالبان جنگجووں نے جبول میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے نورارک علاقہ کے ایک افغان نیشنل آرمی بیس پر حملہ کیا جو صبح تقریباً پانچ بجے تک چلا۔پولیس سربراہ نے کہاکہ تصادم میں آٹھ طالبانی جنگجو ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔ اس تصادم میں کسی بھی شہری یا فوجی کو چوٹ نہیں آئی ہے ۔افغان فضائیہ نے جمعہ کی دوپہر صوبہ کے شنکئی ضلع میں طالبانی ٹھکانوں پر ہلہ بول دیا جس کے جواب میں طالبان نے یہ حملے کئے ۔پولیس کے ترجمان محمد لال امیری نے بتایا کہ اس حملے میں تین طالبانی جنگجو مارے گئے ۔اس کے علاوہ ہلمند پولیس نے کہاکہ نہر سراج ضلع کے اسپن مسجد علاقہ میں ہوئے حملے میں چھ طالبان جنگجوؤں کی موت اور چار دیگر زخمی ہوگئے ۔اسی رات ناد علی ضلع کے خوشال گاوں میں اسی طرح کے تصادم میں چار طالبانی جنگجووں کی موت اور تین دیگر زخمی ہوگئے ۔افغانی سلامتی دستوں نے دہشت گردوں سے ہتھیا رو گولہ بارود برآمد کئے ہیں۔ طالبان نے اس تصادم پر اب تک کوئی ردعمل نہیں دیا ہے ۔