افغانستان میں ہاسپٹل پر آئی ایس خراسان نے کیا تھا حملہ:امریکہ

   

واشنگٹن، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ اس ہفتے افغانستان میں ایک اسپتال کے زچہ بچہ وارڈ اور ایک پولیس افسر کی آخری رسومات کے دوران ہوئے حملوں کو دہشت گرد تنظیم آئی ایس – کے نے انجام دیا تھا ۔ امریکہ کے افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جمعہ کے روز ٹویٹ کر کے کہا ‘‘ امریکہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ افغانستان میں اس ہفتے ایک ا سپتال کے زچہ بچہ وارڈ پر اور ایک آخری رسومات کے دوران ہوئے حملے کو آئی ایس- کے نے انجام دیا تھا ’’ ۔ انہوں نے کہا‘‘ آئی ایس شہریوں کے خلاف اس طرح کے گھناؤنے حملوں کو انجام دیتا ہے اور یہ افغانستان کے لوگوں اور پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے ’’ ۔ ادھر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اس حملے کے لئے طالبان کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ اس حملے میں دو نو مولود بچوں ، خواتین، نرسوں سمیت 24 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ تاہم طالبان نے اس حملے کو انجام دینے سے انکار کیا ہے ۔ آئی ایس-کے نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرھار میں اس ہفتے کے اوائل میں ایک آخری رسومات کے دوران حملے میں 32 افراد مارے گئے تھے ۔