افغانستان میں 27 عسکریت پسند ، 15 پولیس اہلکار ہلاک

   

کابل ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان خصوصی فورسیس نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) گروپ کے عسکریت پسندوں کے خلاف تازہ ترین کارروائی شروع کی ہے جس میں 27 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ اس دوران شمالی افغانستان میں طالبان حملوں کے نتیجہ میں اس جنگ زدہ ملک کے سکیوریٹی فورسیس کے 15 ارکان ہلاک ہوگئے۔ صوبائی کونسل کے رکن اجمل عمر کے مطابق خصوصی فورسیس نے بندوق بردار ہیلی کاپٹروں کی مدد سے پیر کو ننگرہار صوبہ کے ضلع آچن میں آئی ایس کو نشانہ بنایا۔ یہ صوبہ آئی ایس کا طاقتورگڑھ رہا ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں چند سال قبل اس عسکریت پسند گروپ کی پہلی شاخ کا وجود عمل میں آیا تھا۔ جہادی تنظیم کے نشریاتی شعبہ عمق نے دعویٰ کیاکہ اس علاقہ میں مشترکہ افغان ۔ امریکی فوجی کارروائی کو پسپا کردیا گیا۔ اجمل عمر نے یہ توثیق نہیں کی کہ آیا اس کاکرروائی میں امریکی فوج نے بھی حصہ لیا تھا۔