افغانستان میں 48 گھنٹوں میں ایک اور زلزلہ

   

1400 اموات کے بعد 5.2 کے جھٹکے سے مشرقی افغانستان دہل گیا

کابل : /2 ستمبر (ایجنسیز) مشرقی افغانستان اتوار کو پیش آئے طاقتور زلزلے کے مبدا کے قریب منگل کو دوبارہ زلزلے کے جھٹکے سے دہل گیا جسے ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کیا گیا ۔ یو ایس جیالوجیکل سروے نے بتایا کہ تازہ زلزلہ صوبہ نندگرہار میں جلال آباد کے 34 کیلو میٹر شمال مشرق میں پیش آیا ۔ اتوار اور دوشنبہ کی درمیانی اس خطہ میں 6.2 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا جس نے زائد از 1400 افراد کی جان لے لی اور لگ بھگ 2500 افراد زخمی ہوگئے ۔ اس زلزلے کے مبدا کے قریب ہی تازہ جھٹکہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ طالبان حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ صوبہ ننگرہار میں ہی مزید ایک درجن افراد ہلاک ہوگئے اور سینکڑوں دیگر زخمی ہے ۔ افغانستان میں پے در پے زلزلوں نے ہزاروں مکانات کو گرادیا ، بے شمار عمارتیں دہل گئیں اور بڑے پیمانے پر بچاؤ اور راحت کاری سرگرمیاں جاری ہیں ۔ دیہاتی لوگوں کی مدد سے بچاؤ کارکنان ملبہ میں ممکنہ طور پر زندہ افراد کو ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ ایمرجنسی ٹیموں کو دور دراز کے پہاڑی علاقوں تک رسائی کرنے میں بڑی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ صوبہ کنار میں حکومتی ترجمان حمداللہ فترات نے ایکس پر بتایا کہ زائد از 5400 مکانات تباہ ہوچکے ہیں ۔ چنانچہ ایمرجنسی شلٹرس قائم کئے جارہے ہیں جس کیلئے کئی ممالک سے آنے والی امداد سے مدد مل رہی ہے ۔