افغانستان نے آسٹریلیا کو سوپر 8 میچ میں ہرایا، ورلڈ کپ میں تاریخ رقم

   

ورلڈ چمپئن 149 کے ٹارگٹ پر 21 رنز سے ناکام ، پیاٹ کمنز کی تاریخی ہیٹ ٹرک رائیگاں۔ گلبدین نائب کو 4/20 پر میچ ایوارڈ

سینٹ ونسنٹ، کنگزٹاؤن (ویسٹ انڈیز): آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سوپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ گزشتہ روز آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں سینٹ ونسنٹ، کنگز ٹاؤن کے آرنس ویل اسٹیڈیم میں مدمقابل تھے۔ افغان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلین کیپٹن مچل مارش کی طرف سے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر آسٹریلیا کو جیت کیلئے 149 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جس کے جواب میں کینگروز 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ گلبدین نائب کو 8 ویں بولر کے طور پر متعارف کرایا گیا اور وہ 4/20 کے متاثرکن اعداد و شمار کے ساتھ مین آف دی میچ قرار پائے۔ انھوں نے گلین میکسویل (59 رنز، 41 گیندیں) کو آؤٹ کرتے ہوئے آسٹریلیائی اننگز کی سب سے قیمتی وکٹ بھی حاصل کی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 48 ویں میچ میں افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز اسکور کئے۔ افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کو 118 رنز کی ٹھوس مگر دھیمی رفتار والی شراکت سے شروعات فراہم کی۔ آسٹریلیا کے بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے جبکہ ابراہیم نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے کریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری ہیٹ ٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا۔ کمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار دو ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 2 اور مارکس اسٹائنس بھی 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلیا کی جوابی اننگز کا ناقص آغاز ہوا جب ٹراویس ہیڈ 0 پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد وقفہ وقفہ سے وکٹیں گرتی رہیں اور آسٹریلیائی اننگز کبھی سنبھل نہ پائی۔ 15 ویں اوور میں 106 کے مجموعی اسکور پر میکسویل چھٹی وکٹ کے طور پر پویلین واپس ہوئے۔ پھر آسٹریلیا مزید 21 رنز جوڑ پایا اور 19.2 اوورز میں آل آؤٹ ہوگیا۔ گلبدین کے علاوہ نوین الحق نے بھی 3/20 کی شاندار بولنگ کی جبکہ کپتان راشد خان، محمد نبی اور عظمت اللہ عمر زئی کو ایک، ایک وکٹ ملی۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سوپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں شامل دونوں ٹیموں نے اپنا دوسرا میچ کھیلا ہے۔ اس سے قبل سوپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو بھارت کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ گروپ 2 میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔