افغانستان کو اسکاٹ لینڈ کیخلاف جیت سے شروعات کا موقع

   

شارجہ: آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے پریکٹس میچ کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار جیت درج کرانے کے بعد پُرجوش افغانستان اور کوالیفائنگ میں اپنے تینوں میچ جیت چکے اسکاٹ لینڈ پیر کو جب ٹورنمنٹ کے گروپ 2 کے مقابلے میں اتریں گے تو اُن کے درمیان کانٹے کی ٹکر کی توقع ہے، حالانکہ افغانستان کا پلڑا کچھ حد تک بھاری رہے گا۔ افغانستان نے اپنے آخری پریکٹس میچ میں حضرت اللہ ججی(56) اور محمد شہزاد (54) کی شاندار نصف سنچری اور آف سپنر محمد نبی (4 اوور میں 2رن پر 3 وکٹ) کی مہلک گیند بازی کی بدولت سابقہ چمپئن ویسٹ انڈیز کو پریکٹس میچ میں چہارشنبہ کو 56 رنوں سے شکست دے کر بڑی جیت حاصل کی تھی۔ افغانستان نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 189 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا اور ونڈیز کو 5 وکٹ پر 133 رنوں پر روک دیا۔ کپتان نبی نے نئی گیند سے 4 اوور ڈالے اور2 اوور میڈن کھیلتے ہوئے صرف 2 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔ ونڈیز کی ٹیم اس پرفارمنس کے بعد سنبھل نہیں پائی اور انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں صرف 55 رن پر ڈھیر ہوکر یہ مقابلہ چھ وکٹ سے ہار گئی۔ اس کارکردگی کے دم پر افغانستان کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں جیت کے مضبوط دعویدار کے طورپر اترے گا۔ لیکن اسے اسکاٹ لینڈ سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ کیوں کہ اس نے کوالیفائنگ میچوں میں بنگلہ دیش کو چھ رن سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کردیا تھا۔اسکاٹ لینڈ نے پھر پاپوا نیو گنی کو 17 رنوں اور عمان کو 8 وکٹوں سے ہرایا۔ عمان کو صرف 120 رنوں پر نبٹانے کے بعد اسکاٹ لینڈ نے دو وکٹ پر 123 رن بناکر آسانی سے جیت حاصل کرلی۔ اسکاٹ لینڈ کے کپتان کوئت جر علی اچھی فارم میں ہیں جنہوں نے عمان کے خلاف صرف 28 گیندوں پر 41 رن حاصل کیے تھے جس میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے تھے ۔ افغانستان کا اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار ریکارڈ رہا ہے ۔ افغانستان نے اسکاٹ لینڈ سے چھ ٹی 20 مقابلے کھیلے ہیں اور تمام مقابلے جیت لیے ہیں۔ افغانستان اس اسکور کو 7-0 بھی پہنچا سکتا ہے لیکن اسے اسکاٹ لینڈ کے پلٹ وار سے ہوشیار رہنا ہوگا۔