افغانستان کو دہشت گردی کا لانچنگ پیڈ نہیں بننے دینگے : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکہ نے کہا ہے کہ داعش خراساں ایک بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک ہے جو حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور واشنگٹن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان کبھی بھی دہشت گرد حملوں کے لانچنگ پیڈ کے طور پر کام نہ کرے۔ محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ودانت پٹیل نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر افغانستان سے ابھرنے والے خطرات کے انسداد کیلئے کام کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ داعش خراساں ایک بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک ہے جو بین الاقوامی دہشت گرد حملے کرنے کی ‘صلاحیت اور عزائم’ رکھتا ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان سے اقوامِ متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ پر امریکی مؤقف کے بارے میں پو چھا گیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور وہ سرحد پار پاکستان پر حملے بھی کر رہے ہیں۔جواب میں پٹیل نے کہاکہ جیسا کہ ہم مسلسل کہتے ہیں، ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں کہ افغانستان کبھی بھی امریکہ یا ہمارے اتحادیوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کیلئے ایک لانچنگ پیڈ کے طور پر کام نہ کرے۔