افغانستان کو روندکر جنوبی افریقہ پہلی مرتبہ فائنل میں داخل

   

ٹوروبا۔ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رواں ورلڈکپ 2024 کی پہلی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہوگا ہے اور اب 29 جون کو ہونے والے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کا مقابلہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی ۔ ٹورنمنٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب جنوبی افریقی ٹیم فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے پہلے وہ 2009 اور 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں یہ سنگ میل عبورکرنے کے دو مواقع گنوا چکے تھے۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کو پاکستان اور ہندوستان سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا لیکن اس بار انہوں نے افغانستان کی امیدوں کو توڑ کر اپنے لیے ایک تاریخی لکھی ہے۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تاہم ان کی بیٹنگ جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولنگ کے خلاف اتنی مایوس کن رہی ہے کہ وہ پورے 20 اوورز بھی نہیں کھیل سکے۔ ان کی اننگز صرف 11.5 اوورز میں ختم ہوگئی۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 56 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو57 رنزکا ہدف دیا ۔ افغانستان کی مایوس کن بیٹنگ کی اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا سب سے اعظم ترین انفرادی اسکور صرف 10 رنز رہا جو کہ عظمت اللہ نے بنایا۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے اننگز کے آغاز پر دراز قد بولر مارکن جنسن نے تباہی مچائی اور انہوں نے تین اوورس میں 16 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی جبکہ درمیانی اوورس میں تبریز شمسی نے 1.5 اوورس میں صرف 6 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی ۔ شاندار بولنگ پر مارکن کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ جنوبی افریقہ 8.5 اوورز میں مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا۔ افغانستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے 57 رنزکا ہدف صرف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی واحد وکٹ کوئنٹن ڈی کاک کی صورت میں گری جو 1 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فاروقی نے ڈی کاک کی وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد ریزا ہینڈرکس (29 رنز پر ناٹ آؤٹ) اور ایڈن مارکرم (23 رنز پر ناٹ آؤٹ) نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔