افغانستان کیخلاف سیریز ، پاکستان کا کیمپ ملتوی

   

لاہور۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے ساتھ ہونے والی ونڈے سیریز کے لیے اپنی ٹیم کے ونڈے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ ملتوی کر دیا۔واضح رہے کہ پاکستان ونڈے اسکواڈ کا کیمپ 28 اگست تک کے لیے لاہور میں ہونا تھا۔پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان بورڈ کی جانب سے شیڈول اور سفر سے متعلق منصوبے کا انتظار ہے جس کے بعد کیمپ کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے تمام معاملات افغانستان بورڈ کے اعلان کے ساتھ مشروط ہیں۔پی سی بی کے بموجب افغانستان بورڈ کے اعلان سے قبل کیمپ اور سفر کا منصوبہ بنا کر اضافی اخراجات نہیں کرنا چاہتے۔دوسری جانب و ڈے اسکواڈ کے کھلاڑیوں کا اعلان بھی التوا کا شکار ہوگیا ہے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے سیریز کے شیڈول اور سفر کے منصوبہ تک ٹیم کا اعلان اور کیمپ مؤخر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور افغان کرکٹ ٹیموں کے درمیان مجوزہ کرکٹ سیریز کے بارے میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔کوئی بھی عہدیدار سیریزکی ضمانت دینے سے قاصر ہے جبکہ تین ٹی 20 میچوں کی سیریز یکم ستمبر کو شروع ہونی ہے۔افغان ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی لیکن اب اس حوالے سے بھی شبہات موجود ہیں۔