افغانستان کی آزادی کے آج 100سال مکمل ‘ کابل میں جشن کی تیاری

   

تاریخی دارالامن پیلس تزئین نو کے بعد آج بحال کیا جائیگا ۔ سارے شہر میں روشنیوں کا اہتمام ۔ کئی پروگرامس کا منصوبہ
نئی دہلی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے دارالحکومت کابل شہر کو پیر کو ملک کی آزادی کے 100 سالہ جشن کے سلسلہ میں بہترین انداز میں سجایا گیا ہے اور اس موقع پر بڑی پروگرامس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ ان پروگرامس میں ملک کے تاریخی دارالامن پیلس کو بحال کرنا بھی شامل ہے ۔ ہندوستان میں افغانستان سفارتخانہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس تاریخی اور مثالی محل کو ایک سال کے عرصہ میں تزئین نو سے سنوارا گیا ہے اور اس کا افتتاح صدر افغانستان اشرف غنی پیر کو کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کل پیر کو اپنی آزادی کے 100 سال پورے کرنے والے ہیں۔ افغانستان کو 19 اگسٹ 1919 کو آزادی حاصل ہوئی تھی ۔ سارا ملک اس مومع پر جشن منارہا ہے اور اس سلسلہ میں زبردست پروگرامس اور تقاریب کابل میں منعقد ہونے والی ہیں۔ اس کے علاوہ خود ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی آزادی صدی تقاریب کے ماہ ستمبر میں انعقاد کا منصوبہ ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ افغانستان کے ناظم الامور ہندوستان طہر قدیری نے قبل ازیں واضح کیا تھا کہ ایک موقع پر تباہ کردئے گئے دارالامن پیلس اور دوسری اہم عمارتوں کو تزئین نو کے ذریعہ بحال کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ ایک نیا افغانستان ابھر کر سامنے آ رہا ہے اور وہ اپنے آپ کو بہتر انداز میں پیش کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جو نئی نسل ہے وہ جانتی ہے کہ اس ملک کو انہیں از سر نو تعمیر کرنا ہوگا ۔ انہیں ماضی کے ہنگامہ آرائی کے ماحول کو فراموش کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ جنگ اور خانہ جنگی کی وجہ سے ملک بری طرح متاثر ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دارالامن پیلس کو تزئین نو کے بعد بحال کرنے میں ایک سال کا وقت لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پیلس کو ملک کی آزادی کی صدی تقاریب میں مرکزی اور اہم مقام حاصل رہے گا ۔ صدی تقاریب کے طور پر 100 فلموں کا بھی انتخاب کیا گیا ہے جو کابل کی مختلف تھیٹرس میں نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی ۔ کہا گیا ہے کہ کابل شہر کو بہترین انداز میں سجایا گیا ہے ۔ کئی مقامات پر اور کئی اہم عمارتوں پر روشنیو ںکا اہتمام کیا گیا ہے ۔ شاہ امان اللہ خان کی تصاویر لگائی گئی ہیں ۔ اسکے علاوہ ان کی ملکہ کی تصاویر کو بھی آویزاں کیا گیا ہے ۔ شاہ امان اللہ خان آزاد افغانستان کے پہلے حکمران تھے ۔ انہوں نے اور ان کی ملکہ نے بھی کابل شہر کی ترقی اور اس کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ دارالامن پیلس وادی پیغام کے قریب واقع ہے اور اسے امان اللہ خان نے تعمیر کیا تھا اور خانہ جنگی کے دوران اس کو نقصان بھی ہوا تھا ۔ اس میں کئی سربراہان مملکت کو قیام کا موقع بھی ملا تھا ۔ یہ کابل کا ایک اہم اور یادگار پیلس سمجھا جاتا ہے ۔