ماسکو ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) روس کے اعلیٰ سطحی سیکوریٹی سربراہ نے افغانستان کی شمالی سرحد پر اسلامی انتہاء پسندوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق الیگزنڈر برتینکوف جو روس کی کلیدی انٹلیجنس ایجنسی ایف ایس بی کے سربراہ ہیں، نے منگل کے روز تاجکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ گروپ سے ملحقہ 5000 جنگجو سرحد پر جمع ہورہے ہیں لہٰذا اب ضرورت اس بات کی ہیکہ سرحدی تحفظ کو مزید سخت کرتے ہوئے ان جنگجوؤں کو سرحد پار کرکے روسی علاقہ میں داخل ہونے کی کسی بھی کوشش سے روکنا چاہئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ دولت اسلامیہ سے ملحقہ اس گروپ نے 2014ء میں سر ابھارا تھا اور اپنے آپ کو خراساں صوبہ کے حوالہ سے متعارف کروایا تھا جو دراصل قدیم زمانے میں ان علاقوں کیلئے کہا جاتا تھا جس میں افغانستان، ایران اور وسطی ایشیاء کے علاقے شامل ہوں ۔