افغانستان کی صورتحال ہنوز تشویشناک

   

ہندوستانیوں کا انخلاء اوّلین ترجیح ، کل جماعتی اجلاس سے وزیر خارجہ کا خطاب

نئی دہلی : وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کوبتایا کہ ہندوستان افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہا ہے ، پہلی ترجیح یہ ہے کہ باقی ہندوستانی شہریوں کو وہاں سے واپس لایا جائے۔ ڈاکٹر جے شنکر نے آج تمام اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو پارلیمنٹ ہاؤس کے انیکسی میں افغانستان کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعدازاں ڈاکٹر جے شنکر نے میڈیا کو بتایا کہ افغانستان کی صورتحال ہنوز تشویشناک ہے اور حکومت کی توجہ لوگوں کو وہاں سے لانے پر ہے۔ اس کیلئے دیوی شکتی آپریشن کے تحت 6 پروازیں چلائی گئی ہیں ، جن میں بیشتر ہندوستانیوں کو واپس لایا گیا ہے لیکن کچھ ابھی تک وہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت یقینی طور پر سب کو واپس لائے گی۔ کچھ افغان شہریوں کو ہندوستانی پروازوں میں بھی لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سلسلے میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور روسی صدر پوتن کے ساتھ بات چیت کی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ وہ خود اور سکریٹری خارجہ نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو افغانستان کی صورتحال سے واقف کروایا۔