افغانستان کے خلاف آج ہندوستانی ٹیم سے ریکارڈس کی امید

   

ساؤتھمپٹن ۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار کھلاڑیو ں سے لیس ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل ورلڈ کپ میں ٹیموں کے جدول میں سب سے نیچے موجود افغانستان سے مقابلہ کرے گی جہاں وہ کامیابی کیلئے پسندیدہ موقف میں ہونے کے علاوہ رن ریٹ اور ریکارڈس کیلئے ہی پسندیدہ ٹیم ہے ۔ دونوں ٹیموں میں مسابقتی اعتبار سے کوئی مقابلہ نہیں لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں کے خلاف نمبر ایک اسپنر راشد خان کا مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوگا ۔ ہندوستانی ٹیم افغانستان کے خلاف بہتر رن ریٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ افغانستانی ٹیم جسے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کپتان کی تبدیلی کے تنازعہ کا سامنا رہا وہ اس تنازعہ کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں اس کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے ۔ زخمی اوپنر دھون کے باہر ہوجانے کے بعد فاسٹ بولر بھونیشور کمار اور آل راؤنڈر وجئے شنکر کے بھی زخمی ہونے سے ہندوستان کو مسائل درپیش ہے لیکن کے ایل راہول نے پاکستان کے خلاف محمد عامر کا بہترین سامنا کرنے کے علاوہ نصف سنچری بھی مکمل کی ۔ کپتان ویراٹ کوہلی سے ایک بڑی اننگز ہنوز باقی ہے حالانکہ انہوں نے دو نصف سنچریاں بالترتیب آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف اسکور کی ہے ۔ شنکر کے زخمی ہونے اور بروقت صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں ریشپھ پنتھ اور دنیش کارتک میں کسی ایک کا انتخاب یقینی دکھائی دیتا ہے ۔ بھونیشور کمار کے ساتھ محمد سمیع نئی گیند سے بولنگ کرنے کیلئے پہلی پسند ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ ورلڈ کپ میں پہلا مقابلہ کھیلنے والے محمد سمیع افغانستان کے ٹاپ آرڈر حضرت اللہ زازائی ، حشمت اللہ شاہیدی اور اصغر افغان کو مشکل لمحات دے سکتے ہیں ۔ ہندوستان کیلئے آل راؤنڈرز میں ہارڈک پانڈیا کو اولیت حاصل ہے جبکہ کل کے مقابلے میں رویندر جڈیجہ کو بھی موقع مل سکتا ہے۔