نئی دہلی۔9؍اکتوبر( ایجنسیز) افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی ہندوستان کے ایک ہفتہ طویل دورے پر جمعرات کو نئی دہلی پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ان کی نئی دہلی میں آمد کی جانکاری دی۔ انہوں نے لکھاکہ ان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پر بات چیت ہوگی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد طالبان حکومت کی طرف سے نئی دہلی کا یہ پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔ اس دوران متقی 9 سے 16 اکتوبر تک ہندوستان میں رہیں گے۔ متقی ہندوستان کے ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں کابل اور نئی دہلی کے بیچ تعلقات کو مضبوط بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس سے پہلے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے مئی میں متقی سے فون پر بات کی تھی اور اس سال کے شروع میں خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے دبئی میں ان سے ملاقات کی تھی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متقی کیلئے بین الاقوامی سفری پابندیوں کی عارضی چھوٹ کو منظوری دے دی ہے جس سے وہ 9 اکتوبر سے ایک ہفتے تک ہندوستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔