افغانی شہری سے رقم کا سرقہ کرنے والا جیب کترا گرفتار

   

ملزم جیل منتقل ، ساوتھ زون ٹاسک فورس و حسینی علم پولیس کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) ساؤتھ زون ٹاسک فورس اور حسینی علم پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں تاریخی مکہ مسجد میں افغانی شہری کی جیب کاٹ کر 1400 امریکی ڈالر اور افغانی کرنسی اُڑانے والے ایک جیب کترے کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ایس چیتنیا کمار نے کہاکہ گزشتہ سال 29 ڈسمبر کو افغانستان سے تعلق رکھنے والا سید میر واعظ رحیمی اپنے 6 سالہ بیٹے فیاض کی آنکھ کا آپریشن کروانے کے لئے ایل وی پرساد آئی ہاسپٹل آیا تھا جہاں اُس کا لڑکا زیرعلاج تھا۔ 4 جنوری کو تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے میر واعظ رحیمی پہونچا تھا اور مسجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک جیب کترے نے اُس کی جیب کاٹ دی تھی۔ جیب سے رقم غائب ہوجانے پر اُلجھن کا شکار افغانی باشندے نے پولیس حسینی علم سے ایک شکایت درج کروائی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ ٹاسک فورس ٹیم نے حسینی علم پولیس کی مدد سے مکہ مسجد کے احاطہ میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تفصیلی تجزیہ کیا جس میں مرزا رحمت بیگ نامی جیب کترے کی نشاندہی کی گئی۔ پولیس فوری حرکت میں آکر رحمت بیگ کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کے دوران اُس نے سرقہ کا اعتراف کرلیا جس کے نتیجہ میں پولیس نے اُس کے قبضہ سے 1400 امریکی ڈالراور 5 ہزار افغانی کرنسی جس کی مالیت ایک لاکھ ہندوستانی روپئے بتائی جاتی ہے برآمد کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ مرزا رحمت بیگ ساکن وٹے پلی ایک عادی جیب کترا ہے اور اُس نے سابق میں چندرائن گٹہ اور بیگم بازار علاقوں میں اسی قسم کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ رقم کا سرقہ کرنے کے بعد اُس نے امریکی ڈالر کو ہندوستانی کرنسی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔ حسینی علم پولیس نے گرفتار جیب کترے کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔