واشنگٹن ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ افغان امن عمل ایران کی وجہ سے شدید متاثر ہے۔ انہوں نے اْن ایرانی کارروائیوں کی تفصیل نہیں بتائی جن سے افغانستان میں قیام امن کو دھچکا پہنچا ہے۔ پومپیو کے مطابق افغانستان میں امن قائم کرنے کی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں میں شامل ہونے سے ایران ہمیشہ گریز کرتا رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وہ امن کوششوں میں شمولیت کی بجائے ان کی اہمیت کم کرنے میں مصروف رہا اور عالمی سطح پر دہشت گردانہ کارروائیوں کی حمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں ملکی وزارت خارجہ کے دفتر میں ہونے والی ایک نیوز کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔