افغان جنگ میں ناکامی‘ صرف فوجی طاقت ناکافی : جرمنی

   

اقوام متحدہ : جرمن صدر فرینک والٹر سٹین مائر نے کہا ہے کہ افغانستان کی جنگ میں ناکامی سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف فوجی طاقت سے کام نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کی عام بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاری کا طریقہ اپنانے کی ہمت اور سمجھ بوجھ کی خواہش کے بغیر فوجی طاقت سے دنیا کو زیادہ پرامن نہیں بنایا جا سکتا۔ ہمیں مذاکرات کی میز پر اسی طرح طاقت کی ضرورت ہے جیسی طاقت کی ضرورت ہمیں دفاع میں ہے۔ مغرب کے تکبر کیخلاف انتباہ کرتے ہوئے سٹین مائر نے کہا کہ ہمیں اپنے طریقہ کار کے انتخاب اور اپنی ترجیحات طے کرنے میں ہوشیار ہونے کی ضرورت ہے۔ جرمن اور یورپی خارجہ پالیسی کو خود کو صحیح اور دوسروں کی مذمت تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے انسان دوست، شہری، فوجی اور سفارتی ذرائع کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔