پشاور ۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغان طالبان نے کابل حکومت پر الزام لگایا ہے کہ امن کی راہ میں تمام تر رکاوٹیں افغان حکومت کی جانب سے ہیں جب کہ امریکہ بھی اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔طالبان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ چند روز کے دوران افغانستان میں طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں کئی افغان اہلکار مارے گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان کے قطر میں قائم سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ فروری کے آخر میں امریکہ اور طالبان کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تحت بین الافغان مذاکرات شروع ہونے تھے اور اس سے پہلے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہونا تھا۔ لیکن ان کے بقول کابل حکومت طالبان کے قیدی رہا نہیں کر رہی۔سہیل شاہین نے واضح کیا کہ طالبان آگے بڑھنے کے لیے سنجیدہ ہیں لیکن دوسرے فریق کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔طالبان ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے قیدی امن معاہدے کے تحت 10 مارچ سے پہلے رہا کردیے جاتے تو اب تک بین الافغان مذاکرات شروع بھی ہو چکے ہوتے۔
