کابل: افغانستان کی قومی مفاہمتی کونسل نے کہا ہے کہ افغان حکومت عید الاضحی کے دوران جنگ بندی پر تیار ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ طالبان بھی عید کے دنوں کے دوران لڑائی بند کرنے پر اتفاق کریں گے۔کونسل کے ترجمان، فریدون خازون نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر ڈیڈلاک سفیر زلمے خلیل زاد کے خطے میں موجودگی کے دوران حل کر لیا جائے گا۔ادھر افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان طارق آرین کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران طالبان نے افغانستان میں پْر تشدد کارروائیوں میں 34 فی صد اضافہ کیا ہے۔افغان سیاسی تجزیہ کار خلیل صفی کہتے ہیں کہ قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر طالبان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور گروپ اپنی فہرست میں شامل تمام 5000 قیدیوں کی رہائی پر اب تک بضد ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر خلیل زاد قیدیوں کے مسئلے کو حل کرا لیتے ہیں تو بین الافغان مذاکرات کا پہلا اجلاس عیدالاضحی کے فوری بعد منعقد ہو سکتا ہے۔