افغان سے اتحادی فوج کی واپسی شرائط کی بنیاد پر : اسٹولٹن برگ

   

برسلز: ناٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے چہارشنبہ کے روز کہا ہے کہ افغانستان سے اتحادی فوج کی واپسی ’’شرائط کی بنیاد پر‘‘ہوگی۔ ناٹو رہنماوں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسٹولٹن برگ نے کہا کہ “طالبان کو تشدد میں کمی لانے اور القاعدہ جیسے دہشت گرد گروپوں کی حمایت ترک کرنے کی شرائط پوری کرنی” ہونگی۔ناٹو ملکوں کے دو روزہ ورچوئل اجلاس میں جو چہارشنبہ کو شروع ہوا، ان ملکوں کے وزرائے دفاع ناٹو اتحاد کو درپیش اہم معاملات پر غور کر ریے ہیں۔ اس اجلاس میں افغانستان میں موجود 2500 امریکی اور سات ہزار اتحادی افواج کی موجودگی سے متعلق معاملات پر گفتگو ہونا طے ہے۔طالبان نے گزشتہ ہفتے کے روز ایک بیان میں ناٹو کو خبردار کیا تھا کہ افغانستان میں جنگ جاری رکھنا بیس سال سے جاری اس تنازعے میں شامل کسی فریق کے مفاد میں نہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ ناٹو کے وزارتی اجلاس میں شرکت کرنے والے امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن کی کوشش ہوگی کہ ناٹو اتحاد کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو بہتر بنایا جائے، جو سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں متاثر ہوئے تھے۔ناٹو اتحادیو ں سے اندازِ گفتگو میں یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں رونما ہو رہی ہے جب امریکہ اور اس کے ناٹو حلیف ممالک کو ایک طرف تو افغانستان میں فوجوں کی تعداد کے متعلق فیصلہ کرنا ہے ۔