افغان شہریوں کے بغیر وجہ ملک چھوڑنے پر پابندی

   

کابل:افغان حکومت نے بیرون ملک مشکلات سے بچانے کے لیے افغان شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران افغان شہریوں پر نئی سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک افغان شہریوں کو مشکلات سے بچانا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ممالک اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے افغان شہریوں کو افغانستان سے نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ایسے خاندان جو اپنے کسی مقصد کے لیے ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں اس کی وجہ بتانی ہو گی بصورت دیگر انہیں امیگریشن سے روک دیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایسے افرادجو بغیر کسی وجہ کے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملک چھوڑ نے کی کوشش کر رہے ہیں ہم ان پر نئی سفری پابندیاں عائد کر کے انہیں مشکلات سے بچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بھی اکیلے سفر کرنے سے روکا جائے گا اور ان کے ساتھ مردرشتے دار کا ہونا ضروری ہو گا۔ان کامزید کہناتھا کہ ہم افغان شہریوں کو اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ یہ آپریشنز عام عوام کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے ہیں۔