کابل ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے ایک سابق قومی سلامتی مشیر ملک میں صدارتی انتخابات کے امیدوار کے طور پر رجسٹر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے طالبان سے خواہش کی ہیکہ وہ ملک میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمہ کیلئے مذاکرات کی میز پر آئیں۔ پیس اینڈ موڈریشن پارٹی کے محمد حنیف اتمار نے کابل کے ایک ہوٹل میں اپنے سینکڑوں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے کا اعلان کیا۔ یاد رہیکہ 20 جولائی کو افغانستان میں صدارتی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جبکہ موجودہ صدر اشرف غنی نے بھی اعلان کیا ہیکہ وہ دوسری میعاد کیلئے منتخب ہونے کیلئے ایک امیدوار کی حیثیت سے اندرون دو دن اپنا نام رجسٹر کروائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ طالبان نے نہ صرف افغان حکومت بلکہ امریکہ کے ساتھ بھی بات چیت سے انکار کردیا ہے۔