دوشنبے : ہندوستانی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے دوشنبے میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقات کی اور افغان امن مساعی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ ان کی ملاقات پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ وزیر خارجہ ہند ایس جے شنکر ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے لیے تاجکستان کے شہر دوشنبے میں موجود ہیں۔ ہندوستان اس کانفرنس میں افغانستان میں قیام امن اور ترقی کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرے گا۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ’ہارٹ آ ف ایشیا کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے ہمیں حقیقی ’دوہرے امن‘ کی ضرورت ہے۔ یعنی افغانستان کے اندر بھی اور افغانستان کے اطراف میں بھی۔ اس میں ملک کے اندر اور ملک اطراف کے تمام فریقین کے مفادات کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اس امن مساعی کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں تو اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ بات چیت میں شامل تمام فریقین ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور سیاسی حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔